بھٹکل، 2 / فروری (ایس او نیوز) اسمبلی الیکشن کی تاریخوں کا اعلان کرنے کے لئے ابھی دو مہینوں کا وقفہ باقی ہے مگر انتخابی موسم آنے سے پہلے ہی بھٹکل سمیت ضلع اُترکنڑا، اُڈپی اور دکشن کنڑا کے پولیس اسٹیشنوں میں تعینات پولس افسران کا اجتماعی طور پر تبادلہ کرایا گیا ہے۔
خیال رہے کہ الیکشن کمیشن نے دو سال سے زائد عرصہ سے خدمات انجام دے رہے اور ضلع میں ہی اپنی رہائشی ٹھکانہ رکھنے والے محکمہ پولیس اور ریوینیو کے افسران کا تبادلہ کرکے دوسرے مقامات پر بھیجنے کی ہدایت جاری کی تھی ۔ اسی کے مطابق یکے بعد دیگرے پولیس افسران کو ضلع چھوڑتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔
بھٹکل سب ڈیویژن کے ڈی وائی ایس پی کے یو بیلی اپّا کو اڈپی ضلع کے کنداپور میں ٹرانسفر کیا گیا ہے،ان کی جگہ پر بھٹکل میں شریکانت نامی افسر کو تعینات کیا گیا ہے ۔ بھٹکل ٹاون پولیس اسٹیشن کے سرکل انسپکٹر دیواکر کو اڈپی ضلع کے برہماور میں بھیجا گیا ہے ۔ ان کی جگہ پر فی الحال کوئی افسر نے چارج نہیں لیا ہے۔ بھٹکل دیہی سرکل انسپکٹر مہابلیشور نائک کو کنداپور میں ٹرانسفر کیا گیا ہے اور ان کی جگہ پر اُڈپی کے سرکل پولس انسپکٹر منجوناتھ کا تقرر کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ دیہی پولیس اسٹیشن کے پی ایس آئی بھرت کا تبادلہ کرکے اڈپی بھیجا گیا ہے۔ ٹاون پولیس اسٹیشن کے ایس آئی سوما کو اڈپی کے کاپو میں ٹرانسفر کیا گیا ہے۔ چونکہ مرڈیشور پولیس اسٹیشن کے ایس آئی پرمانند کونّور اور ٹاون پولیس اسٹیشن کے ایس آئی ہنومنتا کوڈگنٹی دونوں دوسرے ضلع کے رہائشی ہیں اس لئے ان کا تبادلہ بالترتیب ڈنڈیلی اور سرسی شہروں میں کیا گیا ہے۔
پولس افسران کے ساتھ ساتھ بعض تعلقہ جات کے تحصیلداروں کا بھی تبادلہ کیا گیا ہے۔ ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق سرسی کے تحصیلدار سریدھر مُندلمنی کا بیلگام کے گوکاک میں ڈانڈیلی کے تحصیلدار ایس ایس پرمانندا کو دھارواڑ کے کُندگول میں تبادلہ کیا گیا ہے۔ اسی طرح کاروار کے این ایف نورنہا، یلاپور کے سری کرشنا کماکر، ہوناور کے ناگراج نائیکڈ اور سداپور کے سنتوش بھنڈاری کا بھی تبادلہ کیا گیا ہے۔ بہت ساری جگہوں پر پوسٹنگ کی بھرتی نہیں کی گئی ہے، مگر کُندگول تحصیلدار اشوک شیگّاوی کو ڈانڈیلی، رام دُرگ کے تحصیلدار ملیکارجن ہیگننّاور کا کمٹہ اور رانے بنّور کے تحصیلدار شنکرپّا کو یلاپور ٹرانسفر کیا گیا ہے۔
کاروار ڈسٹرکٹ کرائم برانچ کے ڈی ایس پی اروند کلگوجّی کو اُڈپی کے کارکلا اور کارکلا کے ڈی ایس پی وجئےپرساد کو کو کاروار منتقل کیا گیا ہے۔ انکولہ کے سرکل پولس انسپکٹر سنتوش شٹی کو سولیا، سرسی کے سرکل پولس انسپکٹر رامچندرا نایک کو خانہ پور، گوکرن کے سرکل پولس انسپکٹر وسنت رام آچار کو کڈور اور کاروار سائبر کرائم تھانہ کے انند مورتھی کو دکشن کنڑا کے سائبر کرائم تھانہ میں ٹرانسفر کیا گیا ہے۔ اُڈپی کے ملپے پولس تھانہ کے سرکل پولس انسپکٹر منجوناتھ ایم کو گوکرن، کڈور کے سرکل پولس انسپکٹر کے آر شیوکمار کو انکولہ، کوسومادھر کو کاروار رورل، خانہ پور کے منجوناتھ نایک کو سرسی، ہوسپیٹ، کتّور کے مہانتیش کو سرسی ٹرانسفر کیا گیا ہے۔
بھٹکل سرکل پولس انسپکٹرکے تبادلہ پر الوداعی تقریب: بھٹکل ٹاون کے سرکل پولس انسپکٹر دیواکر کے تبادلے پر بھٹکل اربن بینک ہال میں ایک الوداعی تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں مختلف اداروں کی جانب سے ان کی خدمات کی ستائش کی گئی اور اُنہیں پھولوں کی مالاوں سمیت شال اوڑھائی گئی۔ انسپکٹر دیواکر بھٹکل میں ایک سال آٹھ ماہ تک اپنی خدمات انجام دی۔ جاتے جاتے انہوں نے اپنے خطاب میں بھٹکل کے عوام کی تعریف کی اور کہا کہ بھٹکل میں آنے سے پہلے سو بار سوچنا پڑتا تھا کہ یہاں کیا ہوگا، مگر آنے کے بعد بھٹکل کے عوام کے تعلق سے پائی جانے والی غلط فہمیاں دور ہوگئیں۔ انہوں نے کہا کہ خواہ مخواہ بھٹکل کو بدنام کیاگیا ہے۔ بھٹکل میں حالات اتنے سازگار اور ییہاں کے عوام اتنے بہترین اور امن پسند لوگ ہیں کہ یہاں کے لوگوں کو چھوڑ کر جانے کو من نہیں کرتا۔ اس موقع پر بھٹکل کے نئے ڈی وائی ایس پی شری کانت، بھٹکل مضافاتی سرکل پولس انسپکٹرپرمیشور نایک سمیت دیگر پولس اہلکار موجود تھے۔ مہمان خصوصی کے طور پر بھٹکل تعلقہ سرکاری اسپتال کی انچارج ڈاکٹر سویتا کامتھ بھی موجود تھی۔